ٹائم ٹریول، یعنی زمانہ حال سے ماضی یا مستقبل میں جانے کے مناظر آپ نے قصے کہانیوں اور فلموں میں تو ضرور دیکھے ہوں گے لیکن امریکا میں ایک نوجوان نے سچ مچ یہ دعوٰی کر ڈالا ہے کہ وہ 2030 کے زمانے سے آج کی دنیا میں واپس آیا ہے۔ ’اے پیکس ٹی وی‘ کی جانب سے یو ٹیوب پر اس نوجوان کی ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے جس میں وہ بتاتا ہے کہ اس نے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر وقت میں پیچھے کی جانب سفر کیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ اس دنیا کے لوگوں کو بتانا چاہتا ہے کہ مستقبل میں ان کے لئے کس طرح کے حالات منتظر ہیں۔ اس نے متعدد باتیں بتائی ہیں، جن میں بٹ کوئن کرنسی کا عام ہوجانا،
گھروں اور کاروبار کو مکمل طو رپر ٹیکنالوجی سے کنٹرول کیا جانا اور ہر شخص کا گوگل گلاس سٹائل روبوٹک ڈیوائس کا استعمال کرنا، وغیرہ شامل ہے۔ اس کا یہ بھی کہنا ہے کہ 2030ءمیں امریکی صدر ایک انتہائی پراسرار شخصیت ہو گی جس کا نام ’ایلانا رامکی‘ ہو گا۔ مزید یہ کہ گلوبل وارمنگ کی وجہ سے شمالی امریکہ کا درجہ حرارت بہت بڑھ جائے گا لیکن اس کے برعکس یورپ ٹھنڈا پڑ جائے گا۔ نوجوان کا کہنا ہے کہ 10 سال بعد انسان سیارہ مریخ پر پہنچ چکا ہوگا جبکہ اس وقت تک ٹائم ٹریول کی ٹیکنالوجی بھی عام ہوچکی ہوگی۔ جب اس نوجوان کے حیرتناک دعووں پر شکوک و شبہات سامنے آنے لگے تو فیصلہ کیا گیا کہ جھوٹ پکڑنے والی مشین کے ذریعے اس کا ٹیسٹ کیا جائے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جھوٹ پکڑنے والی مشین نے بھی اسے پاس کر دیا ہے۔ اس کے باجود سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد اس کی باتوں کو ناقابل یقین قرار دیتے ہوئے اس پر اعتبار کرنے کو تیار نظر نہیں آتی۔
No comments:
Post a Comment