نیویارک : ویسے تو دنیا میں ایسے لوگ بھی موجود ہیں، جو سال بھر کوئی کام نہیں کرتے لیکن پھر بھی ان کے بینک اکاؤنٹس میں لاکھوں روپے کا اضافہ ہوتا ہے۔ ایسے لوگ زیادہ تر اپنے خیالات کی وجہ سے کوئی محنت طلب کام کیے بغیر پیسے بٹورتے ہیں، جب کہ کچھ لوگوں نے ایسی کمپنیاں کھول رکھی ہوتی ہیں، یا اتنی سرمایہ کاری کر رکھی ہوتی ہے کہ انہیں کام کیے بغیر ہی سالانہ لاکھوں روپے ملتے ہیں۔
تاہم دنیا میں کچھ لوگ ایسے بھی ہیں، جو تھوڑا بہت کام کرکے بھی لاکھوں روپے بٹورتے ہیں، کچھ لوگ تو ایسے بھی ہیں جو سال کے 365 دنوں میں 12 سے 16 گھنٹے لگاتار کام کرنے کے باوجود بھی لاکھوں روپے نہیں کما پاتے۔ لیکن امریکا کی ریاست جنوبی ڈکوٹا کا ایک شخص ایسا بھی ہے، جو سال بھر میں صرف 2 بار کام کرکے پاکستانی 21 لاکھ روپے سے زائد کماتا ہے۔ اگرچہ اسے کوئی پہاڑ کھودنا نہیں پڑتا، لیکن اسے پہاڑ جتنی اوچائی پر جانا ضرور پڑتا ہے۔ جی ہاں، جنوبی ڈکوٹا کے کیون اسکیمڈٹ نامی شخص سال بھر میں صرف 2 بار ایک ٹی وی چینل کے ٹاور کے بلب تبدیل کرکے سالانہ پاکستانی 21 لاکھ روپے کماتے ہیں۔
کیون اسکیمڈٹ دراصل ریاست جنوبی ڈکوٹا کے چھوٹے سے شہر سیو فالز کے قریب صحرا میں واقع معروف امریکی نشریاتی ادارے نیشنل براڈکاسٹنگ کارپوریشن (این بی سی) کے ذیلی ٹی وی چینل ’کے ڈی ایل ٹی‘ کے ٹاور میں بطور ٹاور الیکٹریشن ملازمت کرتے ہیں۔ ان کا کام صرف ٹی وی کے 1500 میٹر اونچے ٹاور کے بلب تبدیل کرنا ہوتا ہے، جو سال میں صرف 2 بار ہی تبدیل ہوتے ہیں۔ کیون اسکیمڈٹ کو اس کام کے بدلے 20 ہزار امریکی ڈالرز ملتے ہیں، جو پاکستانی 21 لاکھ روپے سے زائد بنتے ہیں۔ لیکن اس سے زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ اگرچہ کیون اسکیمڈٹ یہ کام کئی سال سے کر رہے ہیں، لیکن ان کے کام کے دنیا بھر میں گزشتہ تین سال سے چرچے شروع ہوئے ہیں۔
ہوا یوں کہ کیون اسکیمڈٹ کے فوٹوگرافر دوست ٹوڈ تھرون نے ان کی ٹی وی ٹاور پر چڑھنے کی ڈرون ویڈیو بنائی، جو دیکھتے ہی دیکھتے نہصرف وائرل ہوئی، بلکہ اس ویڈیو نے امریکا میں متعدد ایوارڈ بھی جیتے۔ ٹوڈ تھرون نے اس ویڈیو کو بنایا ہی ایوارڈ حاصل کرنے کے لیے تھا، کیوں کہ وہ اس کے علاوہ بھی اس غرض سے متعدد ویڈیوز بنا چکا تھا کہ اسے نیویارک میں ہونے والے سالانہ ڈرون کیمرہ ویڈیو و سیلفی ایوارڈ شو میں ایوارڈ ملے گا۔ خوش قسمتی سے ٹوڈ تھرون کی یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مقبول ہوئی، اور اس نے متعدد ایوارڈ جیتے۔ ساتھ ہی کیون اسکیمڈٹ کی بہادری، نوکری اور تنخواہ کے بھی چرچے ہوئے۔ اس ویڈیو کو یوں تو 2010 کے بعد بنایا گیا تھا، لیکن اسے یوٹیوب پر 2014 میں اپ لوڈ کیا گیا۔
یوٹیوب پر اسے ’پریئری ایریل‘ نامی چینل کی جانب سے اپ لوڈ کیا گیا، جسے پہلے ہی ہفتے میں 10 لاکھ بار دیکھا گیا، اب تک اس ویڈیو کو 96 لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔ اسی چینل نے یوٹیوب پر اسی طرح کی دیگر ڈرون ویڈیوز بھی اپ لوڈ کر رکھی ہیں۔
No comments:
Post a Comment